Published On: Mon, Sep 12th, 2011

ایبٹ آبادآپریشن ،فلم کیلئےامریکیوں کو خفیہ رازوں تک رسائی کی اجازت

Share This
Tags
سٹاف رپورٹ /
القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن پر فلم بنانے والی کمپنی سونی پکچرزکو اوباما انتظامیہ نے حساس معلومات تک رسائی دے دی ہے‘ایوان نمائندگان کی ہوم لینڈسیکورٹی کمیٹی کے سربراہ پیٹرکنگ نے محکمہ دفاع اور سی آئی اے کے سربراہان کو خط لکھا ہے جس میں ان سے ایبٹ آباد آپریشن کے بارے میں خفیہ معلومات لیک کرنے کی اطلاعات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے جبکہ وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے امریکی اخبار کے دعوے اور پیٹرکنگ کے مطالبے کو مضحکہ خیز قراردیاہے۔ امریکی ایوان نمائندگان کی ہوم لینڈ سیکورٹی کمیٹی کے سربراہ پیٹر کنگ نے سی آئی اے اور محکمہ دفاع کے ڈائریکٹر جنرل کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے ان افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تحقیقات کریں کہ ہالی ووڈ کے افراد کی وائٹ ہاؤس، سی آئی اے اور محکمہ دفاع تک بن لادن کے معاملے کی خفیہ معلومات حاصل کرنے کیلئے کس حد تک رسائی ہے۔انہوں نے وضاحت طلب کی ہے کہ کیا یہ فلم تیار ہونے کے بعد منظوری کیلئے دکھائی جائے گی اور کیا اوباما انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کسی بھی قسم کے راز اور اس آپریشن سے وابستہ دیگر اہم معاملات کو افشا نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے اپنے خط میں مزید لکھا ہے کہ اوباما انتظامیہ کو چاہیے کہ پہلے وہ یہ معلومات کانگریس کو مہیا کریں تاکہ عوام کا اعتماد حاصل کیا جاسکے اور حکومت کی اس معاملے میں شفافیت بھی برقرار رہے۔ادھر وائٹ ہاس کے ترجمان جے کارنے نے فلمسازوں تک خفیہ معلومات پہنچانے کے معاملے کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔یادرہے کہ 6 اگست کو نیویارک ٹائمز کی کالم نگار مورین داد نے لکھا تھا کہ سونی پکچرز نے بن لادن کے بارے میں فلم بنانا شروع کردی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ان افراد کو تاریخی مشن کے بارے میں خفیہ معلومات تک رسائی ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ فلم صدر کے فیصلے کی عکاسی کرے گی۔مورین داد کا کہنا ہے کہ یہ فلم اکتوبر2012ء تک نمائش کے لیے پیش کردی جائے گی اور یہ وہ بہترین وقت ہوگا جب انتخابی مہم کو سہارا درکار ہوگا۔

Leave a comment