Published On: Fri, Jul 3rd, 2015

ٹرین حادثہ ، پل کے تختوں میں گڑ بڑ کی گئی،فوجی ذرا ئع

Share This
Tags
گو جرانوالہ ٹرین حادثے کی تحقیقات جاری ہے اور ابتدائی رپورٹ مکمل کر کے وزیر اعظم اور چیف آف آرمی سٹاف کو پیش کر دی گئی۔ ابتدائی رپورٹ میں پل کے طویل العمر ہونے کے باعث ازخود منہدم ہونے کے امکان کو رد کر دیا گیا Gujranwala-train-accident-ہے اور یہ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ واقعہ تخریب کا ری کا شاخسانہ دکھائی دیتا ہے تاہم فوری طور پر کسی پر اس کی ذمہ داری کا تعین نہیں کیا جا سکا ۔ریلوے ماہرین نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ٹرین کو باقاعدہ ٹارگٹ کرنے کے لئے ریلوے ٹریک کی فش پلیٹیں اکھاڑی گئیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے حقائق جامع تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئیں گے جس کے لیے کچھ وقت درکار ہوگا ۔ دوسری جانب گوجرانوالہ میں حادثے کا شکار ہونیوالی ٹرین کے اسسٹنٹ ڈرائیور کے بیان نے تخریب کاری کے امکانات کے حوالے سے خواجہ سعد رفیق کے خدشات کو تقویت دیدی ۔ اسسٹنٹ ڈرائیور فیاض کے مطابق پل پر پہنچتے ہی ہلکی گڑگڑاہٹ ہوئی پھر ہوش نہ رہا۔ ذرائع کے مطابق پل کا گارڈر ٹوٹتے ہی ٹرین نہر میں گر گئی،ہو سکتا ہے کہ پل کے تختوں میں گڑ بڑ کی گئی ہو۔ ٹرین نے پل کا پہلا ستون ابھی پار نہیں کیا تھا کہ اچانک پل بیٹھ گیا، پل گرتے ہی ٹرین کا انجن اور پہلی بوگی خوفناک گڑگڑاہٹ کے ساتھ پانی میں جاگرے ۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کئی سو ٹن کا فولادی انجن دو حصوں میں تقسیم ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق نہر سے باہر موجود اکانومی کلاس کی بوگیوں سے زخمی مسافروں کو نکال لیا گیا تاہم سترہ فٹ گہری نہر میں ڈوبی بوگی کے ایئرکنڈیشنڈ ہونے کے باعث اُس کے شیشے اور دروازے بند تھے ، امدادی کارروائی میں مشکلات کے باعث بوگی کاٹ کرجاں بحق ہونے والوں کو نکالا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق مزید جاں بحق افراد کو نکالنے کی کوشش کی گئی مگر نہر کا گدلا پانی رکاوٹ بنا ہوا ہے ۔ ڈپٹی ڈی ایس ریلوے بلال نے بتایا کہ بظاہر بتایا گیا ہے کہ گارڈر ٹوٹا اور انجن اور ٹرین نہر میں گر گئے تاہم شواہد اکٹھے کر رہے ہیں ۔اس سے پہلے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے دہشتگردی کے خدشات کے برعکس کائونٹر ٹیرر ازم اور پولیس حکام نے تخریب کاری کے امکانات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے کوئی شواہد نہیں ملے ۔اس کو حادثہ کہہ سکتے ہیں ۔پل پرانا تھا جو گر گیا تاہم خواجہ سعد رفیق موقف پرقائم رہے ۔ان کا کہنا ہے کہ ایسا یا تو دھماکہ کی صورت میں ہوسکتا ہے یا فش پلیٹس اور ان کے نٹ بولٹس کو ڈھیلا کرنے سے ممکن ہے ۔

گوجرنوالہ: بیورو رپورٹ

Leave a comment