Published On: Tue, Jul 17th, 2012

ایفی ڈرین کوٹہ کیس،موسیٰ گیلانی پھنس گئے

سابق ڈی جی ہیلتھ نے عدالت میں تمام پول کھول دیا

سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی کے خلاف ایفی ڈرین کیس میں وعدہ معاف گواہ بننے والے سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر رشید جمعہ خان نے انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔ ڈاکٹر رشید جمعہ 16جولائی 2012کو فاضل عدالت میں پیش ہوئے اور اپنا بیان ریکارڈ کرایا کہ ان پر علی موسیٰ گیلانی کا دباؤ تھا ، اس لیے انہوں نے ایفی ڈرین کوٹہ دیا، اس کیس سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے ، مجھے جان بوجھ کر پھنسایا گیا ، وعدہ معاف گواہ بننے کے لیے کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں تھا۔ عدالت نے بیان ریکارڈ کرانے کے بعد رشید جمعہ کا نام بطور ملزم خارج کرتے ہوئے انہیں سرکاری گواہ بنا لیا۔بعد ازاں احاطہ کچہری میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر رشید جمعہ خان نے کہا ہے کہ میرے خلاف بے بیناد پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے ،اغوا ہونے کی افواہیں بے بنیاد ہیں، عدالت سے وقت لیا تھا، اب آ گیا ہوں اور بیان ریکارڈ کرا دیا ہے ، اس سے قبل ایفی ڈرین کیس میں برلیکس لیب انٹرنیشنل ملتان کے سابق دائریکٹر رضوان احمد خان نے بھی 5صفحات پر مشتمل بیان انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں جمع کرا دیا، رضوان احمد خان نے تھانہ اے این ایف کو دیے گئے تحریری بیان کی مصدقہ نقل عدالت میں جمع کرائی تھی ‘جس میں انہوں نے اعتراف کیا کہ توقیر خان نامی شخص نے علی موسیٰ گیلانی سے کہہ کر خوشنود لاشاری سے پہلے 2000کلو گرام کی کنورڑن (Conversion)کرادی اور پھر ڈاکٹر رشید جمعہ سے مزید کوٹہ منظور کرادیا۔خوشنودلاشاری نے 6000کلو گرام ایکسپورٹ کوٹہ ایلوکیشن سے لوکل سیل میں تبدیل کرنے کے لیے500کلو گرام اور2000کلو گرام کنورڑن آرڈر جاری کرنے کا زبانی حکم دیا،جس پر بعد میں ڈ اکٹر رشید جمعہ نے بیرون ملک سے واپس آکر اس پر دستخط کر دیے‘ پھر توقیر خان نے علی موسیٰ گیلانی سے ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر رشید جمعہ کی فون پر بات کرا کے 1585کلو گرام ایکسپورٹ کوٹہ ایفی ڈرین سے لوکل سیل میں تبدیل کرانے کا آرڈر لے لیا۔ 2415کلو گرام کا مزید آرڈر حاصل کرنے کے لیے ڈی جی ہیلتھ کے گھر گئے اور توقیر خان نے موسیٰ گیلانی کی فون پر بات کرائی اور 2415کلو گرام کو ایکسپورٹ کوٹہ سے لوکل سیل میں تبدیل کر دیا۔ انجم شاہ نے اس وقت کے وزیر صحت مخدوم شہاب الدین سے کہہ کر ڈاناس فارما سیوٹیکل اسلام آباد کوایکسپورٹ ایلو کیشن سے لوکل سیل میں تبدیل کرایا۔رضوان خان نے اپنے بیان میں کہا کہ انجم شاہ مخدوم شہاب الدین کا ایجنٹ اور مختلف کمپنیوں سے پیسے لے کر ان کمپنیوں کے لیے کام کراتا تھا۔ مخدوم شہاب الدین نے انجم شاہ سے کہا کہ دیکھا میں نے کیسے ڈنڈا دے کر ائر پورٹ سے ڈاکٹر رشید جمعہ سے آپ کا کنورڑن آرڈر کرایا ہے۔توقیرخان موسیٰ گیلانی کو ملنے وزیر اعظم ہاؤس ملتان گیا اور جب اس کا ڈرائیور احسان باری توقیر کو اتار کر واپس گھر جا رہا تھا تو اینٹی نارکوٹکس فورس نے اسے روک کر توقیر کے بارے میں دریافت کیا جس پر موسیٰ گیلانی نے لاہور ہائی کورٹ کے ڈپٹی اٹارنی جنرل خواجہ نور مصطفیٰ کوگاڑی چھڑانے کا کہا‘اسی طرح میرے بعد توقیر خان نے موسیٰ گیلانی کو اس کیس سے نکالنے کے لیے درخواست دی لیکن سپریم کورٹ کے احکامات کی وجہ سے تمام کوششیں ضائع ہو گئیں۔ ڈاناس فارما سیوٹیکل اسلام آبادکی تمام ایفی ڈرین کاکا خان اور عزیز محمود حسینی کے ذریعے ملتان اور راولپنڈی سے کوئٹہ سے براستہ تافتان ایران اسمگل ہوئی‘ جس کی عالمی منڈی میں قیمت7ارب روپے بنتی ہے۔
Displaying 1 Comments
Have Your Say
  1. ali says:

    choor…choor….choor….choor….pura khandan choor hay….

Leave a comment