اداکارہ مشی خان کے خلاف فراڈ کا مقدمہ درج
اداکارہ مشی خان کے خلاف راولپنڈی کے تھانہ نیو ٹاؤن میں فراڈ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تھانہ نیو ٹاؤن میں پاکستان پینل کوڈ کے سیکشن 406 کے تحت مشی خان کے خلاف چار جولائی کو مقدمہ نمبر 450 رجسٹر کر لیا گیا ہے، تاہم اداکارہ نے گرفتاری سے قبل قانونی عدالت میں ضمانت کی درخواست جمع کروا دی۔ ذرائع کے مطابق لیڈی ڈاکٹر افشاں خان محلہ آمرپورہ کی رہائشی نے سٹی پولیس افسر اسرار احمد خان عباسی کو درخواست میں بتایا کہ انہوں نے مشی خان اور ان کے ساتھی آر ایچ مارکیٹنگ کے منیجر وسیم شہزاد سیٹلائٹ ٹاؤن میں واقع ہسپتال میں چار لاکھ 50 ہزار روپے بذریعہ چیک نمبر 8428758-59 افشاں میڈیکل کلینک اور صورم بیوٹی سلون کی میڈیا مہم کے لئے ادا کئے۔ انہوں نے درخواست میں اس بات کا ذکر کیا کہ دونوں ساتھیوں نے نہ تو اشتہاری مہم چلائی اور نہ ہی رقم واپس کی، لیڈی ڈاکٹر نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی رقم کی واپسی کا ذکر کیا جاتا ہے مشی خان اور وسیم شہزاد دھمکیاں دیتے ہیں۔ لیڈی ڈاکٹر افشاں خان نے سٹی پولیس افسر سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مشی خان اور وسیم شہزاد کے خلاف جلد از جلد کارروائی کر کے رقم واپس دلائی جائے۔ ذرائع کے مطابق سی پی او اسرار احمد خان نے تھانہ نیو ٹاؤن کے ڈی ایس پی فیصل سلیم کو تحقیقات شروع کرنے کا حکم دیا، تاہم اس حوالے سے مشی خان سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ان کا کوئی لین دین نہیں ہے اس سارے معاملے سے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے کسی سے کوئی چیک یا رقم وصول نہیں کی بلکہ وسیم شہزاد نے درخواست گزار سے رقم یا چیک وصول کیا ہے۔ وسیم شہزاد ایک دھوکے باز شخص ہے اور وسیم نے مجھے بھی ماضی میں ایک چیک دیا تھا جو کہ بعد ازاں بینک سے ڈس اون ہو گیا تھا۔ تحقیقات کے مطابق ایم ایچ مارکیٹنگ منیجر وسیم شہزاد کے خلاف بیہمانی کے کیسز پاکستان پینل کوڈ کے سیکشن 489 ف کے تحت تھانہ کوہسار اور تھانہ شالیمار میں رجسٹرڈ ہیں۔
لاہور: شوز ڈیسک