Published On: Wed, Jun 10th, 2015

شریفوں کی ترجیحات ،پنجاب میں انٹرنیٹ استعمال پر ٹیکس نافذ، کس کا فائدہ، کس کا نقصان

Share This
Tags
پاکستان کے صوبہ پنجاب حکومت کی طرف سے انٹرنیٹ کے استعمال پر ٹیکس عائد کیے جانے کے بعد پاکستان بھوٹان کے بعد دنیا کا دوسرا ملک بن گیا ہے جہاں اس قسم کا ٹیکس لگایا گیا ہے۔
حکومتِ پنجاب نے حال ہی میں ایک سرکاری حکم نامے کے ذریعے 1500 سو روپے ماہانہ یا اِس سے زائد بل اور دو میگا بائیٹ فی سیکنڈ یا اِس سے زائد رفتار کے انٹرنیٹ کنکشن پر 19.5 فیصد ٹیکس لگا دیا ہے۔tax
اس نئے ٹیکس کے نافذ العمل ہونے کے بعد احتجاجاً ملک کے اکثر ڈیجیٹل پبلشرز اور بلاگرز نے اپنے صفحات سیاہ کر دیے ہیں اور اس ٹیکس کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔اِس سلسلے میں پاکستان میں انٹرنیٹ کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں اور ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے جاری کیے گئے بیانات میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ٹیلی کام سیکٹر پر پہلے سے جو ٹیکس لگا ہوا ہے وہ دُنیا میں بلند ترین ٹیکسوں میں شمار ہوتا ہے۔
دنیا بھر میں موبائل کمپنیوں پر نظر رکھنے والے ادارے جی ایس ایم اے کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹیلی کام انڈسٹری میں ٹیکس کی شرح میں پاکستان عالمی سطح پر چوتھے نمبر پر ہے۔
کمپنیوں کا کہنا ہے کہ اِس سیکٹر میں مزید ٹیکس لگانا نہ صرف ملک کی معاشی ترقی کے لیے زہر قاتل ہے بلکہ حکومت ملک میں براڈ بینڈ کی ترویج کے لیے جو کوششیں کر رہی ہے اُس کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔
اس نئے ٹیکس کا نفاذ ایک ایسے وقت میں بھی کیا جا رہا ہے جب تھری جی اور فور جی سپیکٹرم کی کامیاب نیلامی کو صرف ایک سال ہی گزرا ہے۔
اس نئے ٹیکس سے انٹرنیٹ صارفین کی تعداد پر اثر کے ساتھ ساتھ اِس کے اِستعمال پر بھی فرق پڑے گا اور لوگ صرف مخصوص ویب سائٹیں ہی استعمال کریں گے اور ایسے کاروبار جن کا زیادہ تر دارومدار انٹرنیٹ پر ہوتا ہے وہ بھی متاثر ہوں گے۔
انٹرنیٹ اور ٹیلی کام کمپنیوں کے اعداد و شمار اور اُن کی پیش رفت پر نظر رکھنے والے بلاگر عامر عطا کا کہنا ہے کہ پچھلے ایک سال میں براڈ بینڈ صارفین کی تعداد ڈیڑھ کروڑ ہو گئی ہے۔ان کے مطابق جتنی تیزی سے نئے صارفین آ رہے تھے اُتنی ہی تیزی سے کمپنیاں تھری جی اور فور جی نیٹ ورک کو بڑھا رہی تھیں لیکن اب اگر اِس تعداد میں کمی واقع ہو گی تو کمپنیوں کے ترقیاتی منصوبے بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔عامر عطا کے بقول حکومت کے اِس فیصلے سے بلاگرز اور ڈیجیٹل پبلشرز سب سے زیادہ متاثر ہوں گے جبکہ صارفین پہلے سے کم انٹرنیٹ اِستعمال کریں گے اور اِس سے ای کامرس، ای ہیلتھ اور ای ایجوکیشن کےمنصوبے پر بھی فرق پڑے گا۔
ایک برطانوی تحقیقی ادارے کی ریسرچ کے مطابق نئے ٹیکسوں کے ذریعے اگرچہ حکومت کو سالانہ تین ارب روپے تو حاصل ہوں گے لیکن دوسری جانب اِن بھاری ٹیکسوں سے بددل ہو کر انٹرنیٹ کے صارفین جو منفی رویہ اپنائیں گئے اُس کے باعث قومی معیشت کو اگلے پانچ برسوں کے دوران ایک سو سے دو سو ارب روپے کا مجموعی نقصان ہو سکتا ہے

عدیل اکرم

Leave a comment