Published On: Wed, Aug 27th, 2014

تحریک انصاف کو دھچکا، حکومت نے پارٹی میں باغی گروپ بنوا دیا

Share This
Tags
فارورڈ گروپ کے سربراہ گلزار خان صوبہ کے چیف سیکرٹری، وفاقی سیکرٹری اور صوبائی پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین کے عہدوں پر فائز رہے
وسیم شیخ /ایڈیٹر رپورٹنگ
پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کے فیصلوں پر تحفظات رکھنے والے پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی نے فارورڈ بلاک قائم کردیا ہے۔ خیبر پی کے سے پی ٹی آئی کے11ارکان قومی اسمبلی پر مشتمل اس فارورڈ بلاک نے پشاور سے ایم این اے گلزار خان کو اپنا فوکل پرسن مقررکرلیا ہے جبکہ اس گروپ میں شمولیت کیلئے متعدد دیگر ارکان قومی اسمبلی سے بھی رابطے کئے جا رہے ہیں۔کہا جارہا ہے کہ اس فارورڈ گروپ کے پیچھے حکومت کا ہاتھ ہے اور اس باغی گروپ کے بیشتر ارکان کے حکومت کے ساتھ رابطے بھی ہیں۔ صوبہ میں برسراقتدار تحریک انصاف کے ا نتہائی قریبی ذرائع کے مطابق11مئی 2013ء کے عام انتخابات میں پشاورسے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پرکامیاب ہونے والے رکن قومی اسمبلی گلزار خان سمیت پارٹی کے اندر ارکان قومی اسمبلی کی ایک تعداد جو 13تک جا پہنچی ہے ،پارٹی قیادت کی جانب سے اہم معاملات پراعتماد میں نہ لئے جانے پر ناراض ہیں اور ان ارکان قومی اسمبلی کو قیادت کے ان یکطرفہ فیصلوں پر شدید تحفظات ہیں جس کی وجہ سے ان ارکان نے اپنا فارورڈ بلاک تشکیل دیا ہے۔ اس بلاک میں سردست پی ٹی آئی کے11 ارکان قومی اسمبلی شامل ہیں۔ واضح رہے ڈی ایم جی گروپ کے ریٹائرڈ افسرگلزار خان پشاورکے نواحی علاقہ بڈھ بیرسے تعلق رکھتے ہیں وہ مختلف اہم عہدوں سمیت صوبہ کے چیف سیکرٹری، وفاقی سیکرٹری اور صوبائی پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین کے عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ انہوں نے گذشتہ سال عام انتخابات سے کچھ ہفتے قبل تحریک انصاف میں شمولیت اختیارکی تھی اور انہیں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے4 سے تحریک انصاف کا ٹکٹ دیا گیا تھاMNA-Gulzar-Khan-PTI جس پر وہ ایم این اے منتخب ہوئے تھے۔ اس فارورڈ بلاک کے ایک اہم رکن نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ناراض ارکان کے گروپ میں ارکان قومی اسمبلی کی تعداد 14ہے اور ان ارکان کو پارٹی قیادت کی جانب سے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفے دینے سمیت کئی فیصلوں پر شدید تحفظات ہیں ۔یہ امر تعجب خیز ہے صوبہ میں حکومت اور صوبہ کی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ارکان کی رکنیت تو بحال رہے گی لیکن قومی اسمبلی سے استعفیٰ دیا جا رہا ہے جو پارٹی پالیسیوں میں کھلے تضادکی عکاسی ہے، اس لئے ان ارکان نے اپناگروپ تشکیل دے کر اپنا لائحہ عمل مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس گروپ میں ارکان کی تعداد14سے زائد ہے۔ واضح رہے اس وقت قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کی مجموعی تعداد34 ہے جن میں21 کا تعلق صوبہ خیبرپی کے سے ہے۔ ان میں سے17جنرل نشستوں پرکامیاب ہوئے تھے جبکہ خواتین کی مخصوص نشستوں پر بھی4 ارکان کامیاب ہوئی تھیں۔ واضح رہے اس سے قبل صوبائی اسمبلی میں بھی ناراض ارکان کا ایک گروپ قائم ہوا تھا جس میں24 ارکان شامل تھے اور رواں سال کے دوران پی ٹی آئی کو ان کی پارلیمانی صفوں میں لگنے والا دوسرا بڑا اہم دھچکا ہے۔

 

Leave a comment