Published On: Fri, Oct 12th, 2012

دہشت گردوں نے آئی ایس آئی کے اعلی افسر کواغوا کرلیا

Share This
Tags

نامعلوم افراد نے پاکستان کے حساس ادارے آئی ایس آئی کے ایک اعلیٰ افسر برگیڈیئر طاہر مسعود کو ان کے گھر سے اغوا کر لیا ہے۔ اغوا کاروں نے مزاحمت کرنے پر برگیڈیئر طاہر مسعود کے ڈرائیور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔اطلاعات کے مطابق اغوا کاروں نے آئی ایس آئی کے اعلی عہدیدار کو ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی اسلام آباد میں ان کے گھر سے اغوا کیا ہے۔قومی سلامتی سے متعلق ایک سینئر فوجی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ اس امر میں شک کی بہت کم گنجائش ہے کہ بریگیڈیئر طاہر مسعود کے اغوا میں شدت پسند اور دہشت گرد ملوث ہیں۔سینئر فوجی افسر کے مطابق بریگیڈیئر ریٹائرڈ طاہر مسعود ایک سال قبل پاکستان کی بری فوج سے تو ریٹائر ہوگئے تھے لیکن آئی ایس آئی نے ان کی خدمات کنٹریکٹ پر حاصل کر رکھی تھیں۔
بریگیڈیئر طاہر آئی ایس آئی سے پہلے پاکستانی فوج کے انٹیلی جنس ادارے ملٹری انٹیلی جنس میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔شدت پسند اس سے پہلے پاکستانی فوج اور آئی ایس آئی پر کئی حملے کر کے اس کے کئی افسر اور اہلکار قتل اور اغوا کر چکے ہیں لیکن بریگیڈیئر ریٹائرڈ طاہر مسعود شدت پسندوں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے آئی ایس آئی کے اعلیٰ ترین اہلکار ہیں۔وہ فوج میں اپنے کیریئر میں فوجی صدر دفاتر جی ایچ کیو میں بھی بعض بہت حساس عہدوں پر کام کر چکے ہیں۔ریٹائرمنٹ سے دو سال قبل وہ آئی ایس آئی میں تعیناتی کے دوران وہ کسی فیلڈ ڈیوٹی پر تو نہیں گئے لیکن بتایا جاتا ہے کہ وہ شدت پسندوں کے بارے میں تفتیشی اور تحقیقی کام سے منسلک تھے۔ ان کے تجربے اور اعلیٰ خدمات کے اعتراف کے طور پر انہیں گزشتہ برس فوج سے ریٹائر ہونے کے بعد بھی آئی ایس آئی میں کام جاری رکھنے کا موقع دیا گیا تھا۔
اسلام آباد(بیور و رپورٹ)

Leave a comment