Published On: Mon, Jan 9th, 2012

پرویز مشرف اشتہاری ہیں‘ گرفتاری قانون کے مطابق ہوگی‘ رحمن ملک

وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف اشتہاری ہیں اور ان کی گرفتاری پاکستان کے قانون کے مطابق ہوگی، عدالت جو حکم دے گی ہم اس کے تابع ہیں، بینظیر بھٹو کو لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسہ کرنے سے منع کیا تھا، سیکورٹی پلان کا ذمہ دار میں نہیں اس وقت کے پیپلز پارٹی راولپنڈی کے صدر تھے، دو دفعہ وزیر اعظم رہنے والے نواز شریف منصور اعجاز کی سازش میں کیسے آگئے جب بھی جمہوری حکومت کا آخری سال ہوتا ہے تو سازشیں شروع ہو جاتی ہیں، سازشیں کرنے والے سن لیں ہماری جیبوں اور الماریوں میں بہت کچھ ہے بلکہ جو نکلے تو پتا چل جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت باغ راولپنڈی میں بے نظیر بھٹو کے جلسے کا سیکورٹی پلان تبدیل کرنے کے حوالے سے افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، یہ رحمن ملک اور بابر اعوان نے تبدیل کرایا تھا جو بالکل جھوٹ ہے، سیکورٹی پلان کی ذمہ داری میری نہیں اس وقت کے پیپلز پارٹی راولپنڈی کے صدر کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری کا انٹرویو عوام کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، ان کا انٹرویو 40 ملین لوگوں نے دیکھا، صدر کے انٹرویو کو ملکی اور عالمی سطح پر سراہا گیا ہے، ملکی تاریخ میں پہلے جمہوری صدر ہیں جنہوں نے اپنے سارے اختیارات پارلیمنٹ کو دیے‘ پیپلز پارٹی عوام کے مینڈیٹ سے برسر اقتدار آئی ہے‘ قبل از وقت انتخابات کی باتیں عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے ،پیپلز پارٹی بے نظیر بھٹو کے ویژن کے مطابق مفاہمت کا عمل جاری رکھے گی۔ میمو گیٹ اسکینڈل نے قوم کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے، مسلم لیگ (ن) اپنے دور حکومت میں منصور اعجاز کے خلاف کیوں نہیں بولی‘ سمجھ سے بالاتر ہے کہ دو دفعہ وزیر اعظم رہنے والے نواز شریف منصور اعجاز کی سازش میں کیسے آگئی؟ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرویز مشریف نے پاکستان آنے سے پہلے عندیہ دیدیا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنا چاہیے‘ یہ بھی اسی سازش کا حصہ ہے جو جمہوری حکومت کے خلاف کی جارہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں رحمن ملک نے کہاکہ منصور اعجاز پاکستانی نہیں ہے، میمو گیٹ فساد گیٹ ہے‘ ہو سکتا ہے منصور اعجاز نے اپنا آرٹیکل فروخت کرنے کیلئے یہ سازش کی ہو۔ منصور اعجاز سے آئی ایس آئی کے خلاف لکھے گئے آرٹیکل کے بارے میں بھی پوچھنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ منصور اعجاز پہلے کئی بار پاکستان آ چکے ہیں تو اب کیوں نہیں آ سکتے۔ منصور اعجاز پہلے بھی امریکی پاسپورٹ پر پاکستان آئے تھے۔ انہوں نے متنازع میمو گیٹ کا شوشا چھوڑ کر قوم کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہاکہ ن لیگ کا منصور اعجاز سے رابطہ ہے یا نہیں اس کی تفتیش ہونی چاہیے اور ن لیگ منصور اعجاز کی سازش سے متعلق قوم کو آگاہ کرے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے راجا پرویز اشرف نے کہاکہ جمہوری حکومت عوام کے فائدے کے لیے کام کر رہی ہے اور عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

Leave a comment